اسرائیل کا دمشق میںایران اور حزب اللہ کے اسلحہ گوداموں کونشانہ بنانے کا دعویٰ
تل ابیب /دمشق(این این آئی ) اسرائیل نے ایک بار پھر دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی فضائی اڈے کے قریب بمباری کی ہے۔ اس بمباری میں ایران اور حزب اللہ کے فوجی مراکز اور اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنایا گیا ۔شامی حکومت کے ترجمان ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا کہ محکمہ دفاع نے اسرائیل کا ایک بڑافضائی حملہ ناکام بناتے ہوئے متعدد میزائل ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی مار گرائے ۔ دوسری جانب شامی فوج کے ایک ذریعے کا کہنا تھا اسرائیل نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب بمباری کی جس میں حزب اللہ کے اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔ بمباری سے متعدد اسلحہ ڈپو تباہ ہوگئے ۔سوشل میڈیا پر اسرائیلی بمباری کی فوٹیج اور تصاویر پوسٹ کی گئیں، ویڈیوز میں دمشق میں زور دار دھماکوں کی آواز سنی جاسکتی ہے۔