• news

ملک کی بہتری کیلئے کوئی لانگ مارچ ہوا تو سب سے آگے ہونگا : چیف جسٹس

لاہور+ اسلام آباد (اے پی پی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریٹائرمنٹ کے بعد مفت قانونی کلینک کھولنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بہتری کے لئے لانگ مارچ میں سب سے آگے ہوں گا، میڈیا اداروں میں صحافتی کارکنوں کو بروقت تنخواہ اور نوکریوں کے تحفظ کے لئے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کردار ادا کروں گا۔ اتوار کو لاہور میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار سے صحافیوں کے وفد نے غیر رسمی ملاقات کی۔ صحافیوں نے چیف جسٹس کو ملک کے لئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد فری لیگل کلینک کھولوں گا اور مظلوم، غریب و بے سہارا افراد کو مفت قانونی امداد فراہم کروں گا، یہ ملک صرف طاقتور کا نہیں مظلوم کا بھی ہے اور ہمیں مظلوم کا ساتھ دینا ہوگا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی بہتری کے لئے سمت طے کر دی ہے اور ہم سب نے مل کر اسے آگے لیکر جانا ہے، ملک کی بہتری کے لئے جب بھی کوئی لانگ مارچ ہوا تو میں سب سے آگے ہوں گا۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس ثاقب نثار آج پیر کو پولیس ریفارمز کمیٹی کی رپورٹ کے اجراءکی تقریب کے مہمان خصوصی ہوںگے، تقریب سپریم کورٹ بلڈنگ میں ڈیڑھ بجے ہوگی، کمیٹی نے یہ رپورٹ پولیس ریفارمز آگے بڑھنے کا راستہ کے نام سے تیار کی ہے، جس میں پولیس کے شعبہ میں اصلاحات تجویز کی گئی ہیں۔
چیف جسٹس

ای پیپر-دی نیشن