وزیراعظم کا 25 جنوری کو دورہ کراچی، فواد چودھری سندھ کی اہم شخصیات سے ملیں گے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، ابرار سعید، نیشن رپورٹ) وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے دورہ سندھ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، وزیر اعظم عمران 25 جنوری 2019ء جبکہ فواد چوہدری 15 اور 16 جنوری2019ءکو سندھ کا دورہ کریں گے، جس کے دوران وہ اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان دورہ سندھ میں پارٹی امور کا جائزہ لیں گے اور ان سے تحریک انصاف کی ہم خیال سیاسی جماعتوں کی رہنما بھی ملاقاتیں کریں گے۔ علی گوہر خان مہر نے وزیر اعظم کو گھوٹکی کے دورے کی دعوت دی ہے۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے ذرائع نے نیشن کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ کراچی پیپلز پارٹی کے خلاف نہیں ہے اور فواد چودھری آج اور کل اپنے اتحادیوں سے ملاقاتیں کرکے ان کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کریں گے اور ان کے تحفظات دور کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کے سندھ میں دونوں اتحادی گرینڈ ڈیموکرٹیک الائنس اور ایم کیو ایم پاکستان وعدے پورے نہ ہونے پر تحفظات کا شکار ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ کراچی میں اتحادیوں کے تحفظات دور کریں گے۔
وزیراطلاعات/ دورہ