عوام کو صحت کی معیاری جدید سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح‘ روڈ میپ تیار کر لیا : عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے عوام کو صحت کی معیاری، جدید سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ شعبہ صحت کی ترقی اور عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔ ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری، بہترین اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار یہاں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا عام آدمی کو صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل صرف کئے جا ئیں گے۔ ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کے لئے جدید اصلاحات لائی جائیں گی اور ہیلتھ کیئر سسٹم میں جاری اصلاحاتی پروگرام کے جلددورس نتائج حاصل ہوں گے۔ ہسپتالوں میں بر وقت معیاری علاج معالجہ ملنا مریضو ں کا حق ہے۔ شعبہ صحت کی بہتری اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے اور شعبہ صحت میں بہترین، با صلاحیت اور پروفیشنل افرادی قوت لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے خود ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں اور ہسپتالوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ ایمانداری سے کی گئی کوششوں کے باعث ہسپتالوں کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔مزید براں وزیراعلیٰ نے کم عمر ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہر ارفع کریم کی ساتویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے ارفع کریم نے اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا اور قوم کی اس ہونہار بیٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جو دیا جلایا وہ ہمیشہ روشن رہے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لاہورکے انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب صد ر عاصم چیمہ اور دیگرعہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا توقع ہے نومنتخب قیادت وکلاءبرادری کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔ مزید براں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر کی کارکردگی کو سراہا اور پنجاب کی حقیقی ثقافت کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کی خصوصی ستائش کی۔ فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ کو اپنے محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں محکمہ اطلاعات و ثقافت میں مزید بہتری کیلئے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر ثقافت کو علاقائی کلچر، موسیقی اور تھیٹر کو پروموٹ کرنے اور جنوبی پنجاب کے فنکاروں کو بیرون ملک ثقافتی طائفوں کی صورت میں بھیجنے کی ہدایت کی۔
عثمان بزدار