• news

قومی جونیئر ٹینس چیمپئن شپ : توصیف ‘سعد ‘شفقت ‘سیف ‘دانش کی کامیابی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پہلی سول ایوی ایشن قومی جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد ٹینس کورٹ میں شروع ہوگئی۔ فتتاح سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حسن بیگ نے کیا۔ ابتدائی روز مینز سنگلز مقابلوں میں توصیف، سالار، سعاد، شفقت، سیف اللہ خالد خواجہ، دانش رضا، کرنل نے اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے کر فتوحات حاصل کیں، محمد ریحان نے تقی عباسی کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔ بوائز انڈر 18 کے مقابلوں میں حامد یعقوب، حسن بن مفسر اور زلان خان نے اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ سکندر امن نے نبیل قیوم کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔ بوائز انڈر 14 کے مقابلوں میں حمزہ عاصم اور حازیمہ عبدالمصود اگلے رائونڈ میں داخل ہوگئے جبکہ لیڈیز سنگلز میں شہر بانو نے زہرا خان کو شکست دی۔ چیمپیئن شپ میں ملک بھر سے سو سے زائد جونیئر ٹینس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور چیمپئن شپ میں سات کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، لیڈیز انڈر-18، بوائز انڈر-18، بوائز انڈر-14، مکس گرلز اینڈ بوائز انڈر-10 اور لٹل ماسٹرز کپ کے مقابلے شامل ہیں، سیمی فائنلز 15 جنوری جبکہ فائنل مقابلے 16 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حسن بیگ نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے میدان آباد کرکے دہشت گردی کو ختم کیا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی نیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر فضل سبحان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور ان کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی سپورٹ جاری رکھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن