• news

سٹرکلچرل اصلاحات مشکل مرحلہ پھر خوشحالی آئیگی : عمران خان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کیلئے سٹرکچرل اصلاحات پر عمل پیرا ہے اور اس مشکل مرحلے کے بعد اچھا اور خوشحال دور شروع ہوگا۔ عمران خان سے وزارت اطلاعات کے مختلف محکموں کے سربراہوں نے ملاقات کی جب کہ اس دوران وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیراعظم کے معاونین خصوصی افتخار درانی اور یوسف بیگ مرزا بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کی حالت زار بدلنے کیلئے سٹرکچرل اصلاحات پر عمل پیرا ہے، ہماری کاوشوں کا مقصد ذاتی مفادات نہیں بلکہ ملک اور عوام کی بہتری ہے۔ قوموں کی زندگی میں سٹرکچرل اصلاحات ہمیشہ تکلیف دہ مرحلہ ہوتے ہیں، وزارت اطلاعات اصلاحاتی ایجنڈا اور اس کے مقاصد اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر رکھے۔ مضبوط، متحرک اور ذمہ دار میڈیا عوام کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، میڈیا سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر من گھڑت پراپیگنڈے کے محرکات سے آگاہ ہیں، میڈیا کے ساتھ مل کر مذموم ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ مہذب اور ذمہ دار معاشرہ بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر کی اجازت نہیں دیتا، بے بنیاد خبروں کی اشاعت کی حوصلہ شکنی کے مشترکہ مشن میں میڈیا سے روابط مضبوط کریں گے۔ پی آر اوز معلومات تک میڈیا کی رسائی اور درست معلومات کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں تجارت و سرمایہ کاری کیلئے معاون خصوصی عبدالرزاق داﺅد نے وزیراعظم سے ملاقات کرکے ملکی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاری بارے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں یوٹیلٹی سٹورز کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملکی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاری بارے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم ملاقات

ای پیپر-دی نیشن