بھارت افغانستان سمیت پانچ وسط ایشیائی ممالک کے مذاکرات عالمی امن کی خاطر لڑنے پر متفق
نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت اور 5وسطی ایشیائی ممالک نے افغانستان کے ہمراہ دہشت گردی کی ہر طرح سے مذمت کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی سطح پر امن کے لیے اس خطرے سے لڑنے کے لیے تعاون پر رضامندی کا اظہار کیا۔یہ بیان پہلی مرتبہ ہونے والے بھارت-وسطی ایشیا مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں سامنے آیا۔بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے افغانستان، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرا خارجہ کے ہمراہ مذاکرات میں شرکت کی۔واضح رہے کہ وسطی ایشیائی ممالک شنگھائی تعاون تنظیم کے بھی رکن ہیں جس میں بھارت نے حال ہی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں تمام ممالک نے ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کی اور عوام اور دنیا بھر کی معیشت کے لیے خطرے کا سبب بننے والی دہشت گردی کی روک تھام میں تعاون کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تمام ممالک نے سیکیورٹی، استحکام اور ترقی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے باہمی حمایت، مشترکہ حل اور دیگر امور میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ شریک ممالک نے معاشی تعاون کو بڑھانے اور باہمی تجارت اور موزوں حالات پیدا کرنے کے لیے حقیقی مواقع پیدا کرنے اور باہمی تعاون مضبوط کرنے کا اظہار کیا۔اجلاس میں شریک ممالک نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے، صنعتوں میں جدت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل، زراعت اور تعلیم کے فروغ کے لیے مواقع پیدا کرنے پر بھی بحث کی۔انہوں نے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں خطے اور بھارت کے شہروں اور وسطی ایشیا کے ممالک میں باہمی طور پر منافع بخش معیشت بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
5 وسطی ایشیائی مذاکرات