جسٹس فرخ عرفان کیخلاف ریفرنس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم جوڈیشل کونسل نے لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس فرخ عرفان کے خلاف ریفرنس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے جبکہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آبزرویشن دی ہے کہ سابق چیف جسٹس کے بیان حلفی کی کوئی حیثیت نہیں ہے، چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں پانچ رکنی کونسل نے ریفرنس کی سماعت کا آغاز کیا تو پنجاب بار کونسل کی جانب سے ریفرنس میں فریق بننے کی درخواست کی گئی ، تاہم کونسل نے پنجاب بار کونسل کی ریفرنس میں فریق بننے کی درخواست مسترد کر دی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ریفرنس سے بار کا کیا تعلق ہے؟ جسٹس فرخ عرفان کے وکیل حامد خان نے کہاکہ کونسل سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کو بلانا نہیں چاہتی ان حالات میں عدالت کمیشن مقرر کر کے سابق چیف جسٹس کا بیان ریکارڈ کر لے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ سابق چیف جسٹس کے بیان حلفی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ کونسل نے حامد خان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قراردیا کہ سابق چیف جسٹس بطورگواہ پیش نہیں ہونا چاہتے اس ضمن میں کمیشن مقرر کرنے کی استدعا مسترد کی جاتی ہے ، چیئرمین کونسل جسٹس میاں ثاقب نثار نے حامد خان ایڈووکیٹ سے استفسار کیاکہ گواہ سنجیو کمار کدھر ہیں؟ حامد خان نے کہاکہ سنجیو کمار کو تاحال ویزہ نہیں ملا اور سنجیو کمار کی اہلیہ بیمار ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ یہ بتائیں کس تاریخ کو کونسل کاروائی رکھ لیں ؟ حامد خان نے کہاکہ جوڈیشل کونسل گواہان پیش کرنے کے لیے دو ہفتوں کا وقت دے۔ ہمارے گواہ نثار بھٹی، سید مشیر علی، حسیب الرحمن بھی بیرون ملک ہیں۔ اس پر کونسل نے ریفرنس پر مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرد ی ۔