بلے باز جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ نہیں کرپائے:عمران بچہ
لاہور(نمائندہ سپورٹس) کرکٹ کمنٹیٹر عمران بچہ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں پاکستان نے اب تک کی سب سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمارے بلے باز پہلے ٹیسٹ میچ سے لیکر آخری میچ تک ایڈجسٹ نہیں کر پائے۔ وہ حالات کے مطابق کھیلنے میں ناکام رہے۔ معیاری بلے بازوں کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہونگے۔ جب تک ہم نچلی سطح پر کھیل کے نظام کو مضبوط نہیں کریں گے۔ اس وقت تک بہتری ممکن نہیں ہے۔ ہمارے پاس معیاری بلے بازوں کی کمی ہے۔ نچلی سطح پر ہونیوالی کرکٹ میں بلیبازوں کو لمبی اننگز کھیلنے کا موقع نہیں ملتا۔ کہیں پچز خراب ہیں تو کہیں گیند کا مسئلہ ہے۔ ہمیں ایسے حالات پیدا کرنا ہونگے کہ بیٹسمینوں کو زیادہ وقت گراونڈ میں گذارنے کا موقع ملے۔ ہمیں اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ میں پچز کے معیار کو بہتر بنانا ہو گا۔ قائداعظم ٹرافی کے پرفارمرز کو اہمیت دینا ہو گی۔ اعزاز چیمہ وکٹیں حاصل کرتا ہے، عثمان صلاح الدین رنز کرتا ہے، سعد نسیم پرفارم کرتا ہے انہیں کیوں منتخب نہیں کیا جاتا کیوں ان پرفارمرز کو صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب مواقع نہیں دیے جاتے۔