حکومت کے پاس ایک دو ماہ ہیں پھر تحریک عدم اعتماد لائیں گے : رانا ثنا، دیکھ لیں گے : علی زیدی
اسلام آباد، کراچی (آن لائن، نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما راناثنا ءاللہ نے کہاہے کہ حکومت کے پاس ایک دو ماہ اورہیں اوراسکے بعد ہم تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور سب کچھ کریں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان کہا کرتے تھے کہ پرویزالٰہی پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے لیکن پھر ان کو سپیکر پنجاب اسمبلی بنا دیا۔ پرویزالٰہی کے بیٹے کو ایم این اے بنانے کے بعد اب وزیر بنانے جارہے ہیں،جس کوچپڑاسی نہیں رکھنا چاہتے تھے اس کو ریلوے کا وزیر بنادیا ہے۔ فوجی عدالتوں کے معاملے پر ن لیگ میں اختلاف رائے موجود ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ فوجی عدالتیں جب بنائی گئیں تو اس وقت ان کی ضرورت تھی اوریہ دوسال کیلئے بنائی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن ملک کی معاشی صورتحال پر مشترکہ موقف اپنائے گی۔ چارٹرڈ آف ڈیمو کریسی کی پیشکش اپوزیشن لیڈر نے ہی کی تھی اور پھر اس کے ساتھ کیا سلو ک ہوا؟حکومت کا حال یہی رہا تو پھرکوئی دیر نہیں لگے گی۔وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اگر تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو شوق پورا کر لے، اس کو بھی دیکھ لیں گے۔ آصف زرداری نے سینٹ کے الیکشن میں کیا کیا تھا؟ یہ خریدوفروخت کے ماسٹر ہیں، بابر غوری کے پیچھے ہوں، اس کو نہیں چھوڑوں گا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ والے ملک کو کرپشن بچانے کی تحریک کا اتحاد بنا رہے ہیں، پرویزالٰہی پر اگر کرپشن کے الزامات ہیں تو کھلنے چاہئے۔ ہم کسی میں فارورڈ بلاک نہیں بنا رہے، ہم تو یہ کہتے ہیں کہ جے آئی ٹی میں نام آ گیا ہے بس استعفیٰ دیدیں، بات ختم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کرنا جمہوری حق ہے اور ان کو کرنا چاہئے۔ علاوہ ازیں علی زیدی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا مک مکا تمام یوٹرنز پر بھاری اور ان کی ماں ہے۔ یہ لوگ اپنی کرپشن کو چھپانا چاہتے ہیں۔ پی پی اور مسلم لیگ ن کا مک مکا موومنٹ فار ریسٹوریشن آف کرپشن ہے۔
علی زیدی