• news

تھانوں میں لینڈ لائن فون استعمال نہ کرنے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

لاہور (رفیق سلطان/ نمائندہ خصوصی) لاہور پولیس کے تھانوں میں لگے لینڈ لائن فون سننے کا رواج ختم ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ لٹن روڈ، لاہوری گیٹ، نیو انارکلی، سول لا ئنز، اسلام پورہ، بادامی باغ، سبزی منڈی، ریس کورس، ڈیفنس بی ہئیر، کاہنہ، ٹھوکر نیاز بیگ، مصطفی آباد سمیت متعدد تھانوں اور چوکیوں میں لینڈ لائن نمبر یا تو موجود نہیں یا پھر ریسیور نیچے رکھ دیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ معلومات یا شکایت کیلئے حدود کا تعین کرنیوالے بورڈز، تھانوں کے باہر لگے بورڈز یا علاقے میں لگے اشتہارت پر درج نمبرز پر فون کیا جائے تو نمبرزیادہ تر بند ہی ملتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانوں میں تعینات افسروں اور اہلکاروں کے موبائل پر فون کریں تو وہ بھی کال وصول کرنے کی زحمت نہیں کرتے۔ پولیس افسر اور ملازمین اپنے موبائل فون پر سوشل میڈیا کی وائرل ویڈیو ہی دیکھتے نظر آتے ہیں یا اکثر لمبی ڈیوٹیوں سے تنگ ویڈیو گیم کھیلتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے جن تھانوں میں لینڈ لائن نمبرز موجود بھی ہوں تو فون سننے کی زحمت نہیں کرتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کلچر میں تبدیلی نہ آنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ پولیس افسر اور اہلکار لوگوںکو مجبور کرتے ہیں کہ وہ معلومات کیلئے تھانوں کے چکر لگائیں اسلئے لینڈ لائن نمبرز فون سننے کا رواج قائم نہیں ہورہا۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ کسی تفتیش یا انکوائری کیلئے تھانوں میں بلایا جاتا ہے، کئی کئی دن چکر لگاتے گزر جاتے ہیں، تھانے پہنچنے پر سننے کو ملتا ہے کہ صاحب راﺅنڈ پر ہیں، صاحب کو فون کریں تو وہ کال موصول نہیں کرتے جس سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشن لاہورنے بھی ایسے مسائل پر اپنی آنکھیں اور کا ن بند کئے ہوئے ہیں۔ لاہور پولیس کے اس انوکھے انداز سے شہریوں کو حصول انصاف کیلئے مشکلات ہی مشکلات نظر آرہی ہیں۔ اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب سے شہریوں نے اپیل کی ہے کہ وہ تھانوں کے سرپرائز وزٹ کریں اور آئی جی پنجاب بھی تھانوں کے وزٹ کو معمول بنائیں تاکہ شہریوں کو تھانوں کے چکر اور خوار کرنے کا سلسلہ بند ہوسکے۔
تھانے/ فون

ای پیپر-دی نیشن