• news

جسٹس آصف سعید کھوسہ کل چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

لاہور+اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کل 18 جنوری کو چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت ان سے حلف لیں گے۔ انتہائی اعلیٰ تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر کے حامل جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954ءکو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے، 1969ءمیں ملتان بورڈ سے میٹرک میں پانچویں پوزیشن حاصل کی، 1971ءمیں لاہور بورڈ سے انٹرمیڈیٹ میں پہلی پوزیشن اور نیشنل ٹیلنٹ سکالر شپ حاصل کیا۔ 1973ءمیں پنجاب یونیورسٹی سے گریجوایشن میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کو دوبارہ نیشنل ٹیلنٹ سکالرشپ دیا گیا۔ 1975ءمیں پنجاب یونیورسٹی سے انگلش لٹریچر اور لینگوئج میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ کوئین کالج یونیورسٹی آف کیمرج برطانیہ سے 1977ءمیں قانون کی ڈگری حاصل کی۔ اسی ادارے سے 1978ءمیں قانون کی ماسٹر ڈگری لی۔ پبلک انٹرنیشنل لاءمیں سپیشلائزیشن بھی کی۔ 1979ءمیں لاہور ہائیکورٹ اور 1985ءمیں سپریم کورٹ میں بطور وکیل پریکٹس کا آغاز کیا۔ انہوں نے ہزاروں آئینی، فوجداری، سول سروسز ریونیو اور الیکشن لاءکے مقدمات کی بطور وکیل پیروی کی۔ بطور وکیل ان کے 6 سو سے زائد کیسز مختلف لاءرپورٹس میں درج ہیں۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 7 کتابوں کے مصنف بھی ہیں جو انگریزی زبان میں شائع ہوئیں۔ انہوں نے بطور استاد سرکاری اور نجی اداروں میں تدریس کے فرائض سرانجام دیئے جبکہ سول سروسز اکیڈمی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن، نیشنل پولیس اکیڈمی، سٹاف ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ آف سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں بطور وزٹنگ لیکچرار تدریس کے فرائض سرانجام دیئے۔ وہ 21 مئی 1998ءکو لاہور ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے جبکہ 18 فروری 2010 کو سپریم کورٹ میں بطور جج تعینات کیا گیا۔ انہوں نے متعدد بار قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں بھی ادا کیں۔ انہوں نے قانون سے متعلق بہت سی قومی اور بین الاقوامی کانفرنسز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ رواں سال دسمبر میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے۔دو سال 17دن چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد چیف جسٹس ثاقب نثار آج ریٹائر ہوجائیں گے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کے اعزاز میں آج فل کورٹ ریفرنس دیا جائے گا۔ اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس آج بھی مقدمات کی سماعت کرینگے۔ چیف جسٹس کے اعزاز میں نامزد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ ڈنر دینگے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار عدالتی سٹاف سے ملیںگے اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کے آفس کا دورہ بھی کرینگے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار اپنی ریٹائرمنٹ کا آخری دن مصروف گزارینگے۔ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق کیس کا فیصلہ بھی آج سنائینگے۔ سپریم کورٹ کے سات رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
جسٹس ثاقب نثار

جسٹس آصف سعید

ای پیپر-دی نیشن