ہنگو : سیکورٹی فورسز کی کارروائی‘ کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک‘ دستی بم اسلحہ برآمد
ہنگو (صباح نیوز+ آن لائن) خیبر پی کے کے شہر ہنگو کے علاقے قاضی پمپ کے قریب حساس اداروں نے کارروائی کی ہے جس کے دوران اہم کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق حساس اداروں کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے نام کمانڈر اسلام، لائق اور محب اللہ معلوم ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہلاک کمانڈر اسلام کلایہ بم دھماکے سمیت دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھا۔ سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ حساس اداروں کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے ہنگو میں نئی زیر تعمیر جیل کے قریب واقع شاہد نامی شخص کے گھر میں پناہ لی تھی۔سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کی زدمیں آکر گھر کا مالک شاہد جو خود بھی دہشتگردوں کا ساتھی تھا ہلاک ہو گیا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے متعدد دستی بم، کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ بھی ملا ہے۔
ہنگو/ آپریشن