بلاول‘ مراد شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالیں‘ شواہد ملنے پر ڈال سکتے ہیں : سپریم کورٹ
اسلام آباد (آئی این پی )سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی اکاﺅنٹس کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے نام فی الحال ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجازالاحسن نے جعلی اکاﺅنٹس کیس کا تحریری حکم لکھا جس میں جے آئی ٹی کی رپورٹ، جمع شدہ مواد اور شواہد فوری طور پر نیب کو بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔تحریری حکم نامے میں بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے فی الحال نکالنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔تحریری حکم کے مطابق جے آئی ٹی تحقیقات میں نیب کی معاونت کرےگی، نیب دو ماہ کے اندر تحقیقات کرکے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا، بلاول، مرادعلی شاہ کیخلاف اگر ٹھوس شواہد ملتے ہیں تو وفاقی حکومت کو نام ای سی ایل میں ڈالنے کا اختیار ہوگا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیب فاروق ایچ نائیک، ان کے بیٹے سے متعلق جے آئی ٹی کے مواد کا ازسرنو جائزہ لےگا اور اگر کیس نہیں بنتا تو فاروق نائیک اور ان کے بیٹے کے نام ای سی ایل سے ہٹا دیے جائیں۔تحریری حکم میں یہ بھی کہا گیا کہ نیب انور منصور کے بھائی سے متعلق جے آئی ٹی کے مواد کا جائزہ لے گا، انور منصور کے بھائی سے متعلق کیس نہیں بنتا تو نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے، تحقیقات مکمل ہونے تک نیب ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔تحریری حکم کے مطابق جے آئی ٹی زیر تفتیش مقدمات کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ نیب کو دے گی۔ نیب ہر 15 دن بعد اپنی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں نیب ریفرنس اسلام آباد اور پنڈی کی احتساب عدالتوں میں دائر کرے گا، جے آئی ٹی اپنا تمام ریکارڈ نیب اسلام آباد کو جمع کرائے گی۔حکم نامے کے مطابق چیئرمین نیب ریفرنس کی تیاری کیلئے کسی اہل ڈی جی نیب کو تعینات کریں گے، چیئرمین نیب ریفرنسز حتمی نتیجے تک پہنچانے کیلئے ڈی جی نیب کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیں گے۔تحریری حکم کے مطابق نیب کی تحقیقاتی رپورٹ ہر 15 دن بعد عملدرآمد بینچ کے پاس جائیگی، چیف جسٹس آف پاکستان عمل درآمد بینچ تشکیل دیں گے، فی الحال اس مقدمے کونمٹایا جاتا ہے، ضرورت پڑنے پر معاملہ دوبارہ کھولا جاسکے گا۔خیال رہے کہ رواں ماہ جعلی بینک اکانٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ایڈووکیٹ فاروق ایچ نائیک، انکے اہل خانہ اور اٹارنی جنرل انور منصور خان کے بھائی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے جعلی بینک اکاﺅنٹس کا معاملہ تحقیقات کیلئے قومی نیب کو بھیج دیا تھا۔
جعلی اکاﺅنٹس کیس