• news

بعض ارکان ای سی ایل سے خوفزدہ کیوں ہیں : عمران‘ کارگل کمپنی کا 20 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نیٹ نیوز، نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے چند اراکین پارلیمنٹ کو بیرون ملک جانے میں اتنی دلچسپی کیوں ہے، انہیں تو ابھی بہت کام کرنے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے بعض اراکین پارلیمنٹ، ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے اتنے خوفزدہ کیوں ہیں اور یہ بیرون ملک جانے میں اتنی دلچسپی کیوں لے رہے ہیں؟ اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر جانے والے سیاستدانوں کے ذمہ پاکستان میں کرنے کیلئے بہت سے کام ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسے اراکین اسمبلی بھی ہیں جو ملک سے باہر جائے بغیر نہیں رہ سکتے جبکہ بعض نے تو بیرون ملک رہائشی اجازت نامے اور اقامے لئے ہوئے ہیں۔ اپنے ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے سوال کیا کہ ایک جانب اراکین پارلیمنٹ پاکستان سے حقیقی عشق اور ملک کیلئے دن رات کام کرنے کے دعوے کرتے ہیں، کیا ان میں سے کوئی ملک سے باہر جانے کی عجیب و غریب رسم کی وضاحت کر سکتا ہے؟ علاوہ ازیں فوڈاینڈ ایگریکلچرل گلوبل کمپنی کارگل نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان سے کمپنی کے وفد نے مارکل سمیٹس، وین ڈین اکر کی قیادت میں ملاقات کی۔ کارگل کمپنی نے پاکستان میں 20 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔ سرمایہ کاری آئندہ تین سے پانچ سال کے دوران کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کمپنی کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری پر خیرمقدم کیا اور کارگل کمپنی کے وفد کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاری سے پاکستان میں زرعی شعبے کی ترقی میں مدد ملے گی۔ حکومت شفافیت اور کاروبار کے یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ حکومت ملک میں کاروبار کو آسان بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ کارگل کمپنی 2012ءمیں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی تھی تاہم کرپشن، حوصلہ شکنی اور یکساں مواقع نہ ہونے کے باعث ایسا نہ ہو سکا لیکن موجودہ حکومت کے آنے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ دریں اثناءوزیرِاعظم عمران خان سے قبائلی علاقوں (سابقہ فاٹا) سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی نے جمعرات کو وزیرِاعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی گل داد خان، گل ظفر خان، ساجد خان، محمد اقبال آفریدی، منیر خان اورکزئی، جواد حسین، محسن جاوید، محمد جمال الدین، محمد علی اور عبدالشکور شامل تھے۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیرِ دفاع پرویز خٹک، وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور معاونِ خصوصی نعیم الحق بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد کی جانب سے قبائلی علاقہ جات کے نمائندگان کےلئے قومی اور صوبائی اسمبلی میں نمائندگی بڑھانے کا مطالبہ پیش کیا گیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں قبائلی علاقہ جات کےلئے بالترتیب 12 اور 24 نشستیں کی جائیں اور اس سلسلہ میں مطلوبہ کارروائی کےلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ قائم کرکے اقدامات کئے جائیں۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں شریک ہونے کا فیصلہ کر لیا،نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کو پارلیمنٹ اجلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کے لئے قائمہ کمیٹیوں کی تکمیل کا انتظار تھا، وزیر اعظم عمران خان آئندہ ہفتے سے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بدھ کو منی بجٹ پیش کرنے کے مو قع پر پارلیمنٹ آئیں گے۔
عمران

ای پیپر-دی نیشن