• news

پورا ملک سن لے عمران پانچ سال نکال ہی نہیں سکتے‘ اکیلے سب کا مقابلہ کر لیں گے : زرداری

بدین (نیٹ نیوز) سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پیشگوئی کی ہے کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا عمران خان پانچ سال نکال سکیں۔ بدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ غریبوں کے حقوق کی بات کی اور جدوجہد کی، سازش ہمارے خلاف نہیں، سازش عوام کے خلاف ہے، ان کی جنگ مجھ سے صرف 18 ویں ترمیم پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ زمین ختم ہوگئی، اب یہ چاہتے ہیں کہ گیس اور ذخائر لے لیں، ہمیں اتنا دیوار سے مت لگاو¿ کہ عوام میرے ہاتھ میں نہ رہیں، سندھ کے عوام بہت باشعور ہیں۔ سابق صدر کا کہنا تھاکہ آپ کے الیکشن کو ملک میں کوئی نہیں مانتا، یہ نہ عوام سے آئے ہیں نہ ان کا عوام میں دوبارہ جانے کا ارادہ ہے، آپ کو علم ہی نہیں ڈالر اوپر جارہا ہے، اب حادثاتی سلیکٹڈ وزیراعظم بن ہی گئے ہو تو کچھ سیکھ لو۔ سیکھنے میں اتنا وقت نہیں لگتا۔ آصف زرداری نے پیشگوئی کی کہ پورا پاکستان سن لے، عمران خان پانچ سال نہیں نکال سکتے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ان سب کو ہم سنبھال لیں گے اور سب کا اکیلے مقابلہ کرلیں گے۔ آصف زرداری نے کہا غریب آدمی ہاتھ اٹھا کر آپ کو بد دعا دے رہا ہے۔ آپ کے الیکشن کو کوئی نہیں مانتا۔ آپ نے آتے ہی ہر قیمت کی چیز 50 فیصد بڑھا دی۔ ظالمو! ہم تو مہینہ مہینہ پہلے نظر رکھتے تھے کہ ڈالر کہاں جائے گا۔ بے نظیر بھٹو کو سازش کے تحت ختم کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ اگر تھوڑا تعاون کر لیں تو مزید نوکریاں دے سکتا ہوں۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سفید پوش لوگ بھی ریڑھیاں لگانے پر مجبور ہیں۔
زرداری

ای پیپر-دی نیشن