• news

مسیحی برادری نے ملک کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا: پرویز الہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سابق بشپ آف لاہور الیگزینڈر جان ملک، کسان بورڈ پاکستان کے وفد نے صدر چودھری نثار احمد اور اوور سیزکمشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم چوہدری نے ان کے چیمبر میں الگ الگ ملاقات کی۔ الیگزینڈر جان ملک نے اپنی کتابMy Pakistan "Story of A Bishop" پیش کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا پاکستان کی سلامتی ‘ ترقی‘ خوشحالی اور امن کے لیے تمام مذاہب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسیحی برادری نے ہر مشکل گھڑی میں ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کیا اور وطن عزیز کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ مسیحی برادری کی ملک میں بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔ پاکستان کو درپیش خطرات اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے اقلیتیں بھی ہمارے ساتھ صف آراءہیں اور ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ ہم سب ملکر ایک قوم ہو کر اس پاک سرزمین کو قائداعظم کے خواب کے مطابق استوار کریں گے۔ جان ملک نے پنجاب اسمبلی میں مفاد عامہ سے متعلق ہونے والی قانون سازی کو سراہا۔ دریں اثناءکسان بورڈ پاکستان کے وفد نے چودھری نثار احمد کی سربراہی میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات میں کسانوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ آلو کے کسانوں کی زبو ں حالی بتائی ۔ چودھری نثار احمد نے کہا شوگر ملیں سرکاری ریٹ پر گنا خرید رہی ہیں نہ ہی بروقت ادائیگی کر رہی ہیں بلکہ کسانوںکے پچھلے سال کے واجبات بھی کئی شوگرملوںنے ابھی تک ادا نہ کیے ہیں۔ پنجاب ایگری کلچر کمشن اور ضلعی سطح پر ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹیوں کو بھی فعال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ کسان ہماری طاقت ہیں۔ مسائل حل کروانے کی پوری کوشش کریں گے ۔ چودھری نثاراحمد نے کہا کہ کسانوں کے مسائل میں دلچسپی آپ کی کسان دوستی کا ثبوت ہے۔ کسان بورڈ پاکستان کے سیکرٹری جنرل چودھری شوکت علی بھی موجود تھے۔ اوور سیزکمشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم چوہدری نے ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اوورسیز کمشن کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
پرویز الہی

ای پیپر-دی نیشن