امل قتل کیس: این ایم سی ہسپتال انتظامیہ نے غلطی تسلیم نہیں کی: سپریم کورٹ کمیٹی
اسلام آباد (آئی این پی) کراچی میں پولیس کی فائرنگ سے بچی امل کے جاں بحق ہونے پر بنائی گئی سپریم کورٹ کی کمیٹی نے کہا ہے کہ این ایم سی ہسپتال کراچی کی انتظامیہ نے اپنی غلطی تسلیم نہیں کی اور کمیٹی کے سامنے جھوٹ بولا۔ کراچی میں پولیس کی فائرنگ سے بچی امل عمر کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے کی۔ معاملے پر سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ کمیٹی نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے رپورٹ کے حوالے سے عدالت کے گوش گزار کیا کہ کمیٹی نے 4 زاویوں سے معاملے کو دیکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کی پورٹ کے مطابق پولیس نے اپنی غیر ذمہ داری قبول کی۔ امن فا¶نڈیشن ایمبولنس سروس نے بھی اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے،جبکہ این ایم سی ہسپتال کراچی کی انتظامیہ نے اپنی غلطی تسلیم کرنے سے انکار کیاہے اور کمیٹی کے سامنے بھی صاف جھوٹ بولا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس میں فائرنگ کی تربیت کا فقدان ہے، تربیت کے بغیر پولیس کو آٹومیٹک بھاری ہتھیار دئیے گئے۔ ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے مزید کہا کہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ این ایم سی ہسپتال کی انتظامیہ نے کمیٹی میں بھی صاف جھوٹ بولا ہے، بچی کی موت کی تاریخ اور وقت بھی تبدیل کیا ہے تاکہ یہ ثابت ہو کہ بچی ہسپتال پہنچنے سے پہلے فوت ہوچکی تھی۔ انہوں نے بتایا رپورٹ کے مطابق سندھ ہیلتھ کمیشن نے ہسپتال کے حق میں رپورٹ دی ہے ، سندھ ہیلتھ کمیشن کی رپورٹ پر افسوس ہے۔ چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ کیا این ایم سی کو رپورٹ پر جواب داخل کرانے کا وقت دیا جائے؟ فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ جی بالکل این ایم سی ہسپتال سے جواب لے لیجئے۔ سپریم کورٹ نے کراچی پولیس، سندھ ہیلتھ کمیشن ،امن فاﺅنڈیشن اور این ایم سی ہسپتال سے جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے مقتول بچی امل کے والدین سے سوال کیا کہ آپ اس کیس کی سماعت کراچی میں چاہتے ہیں یا اسلام آباد میں؟ امل عمر کی والدہ نے جواب دیا کہ بہتر ہے کہ اس کیس کی سماعت اسلام آباد میں ہی ہو۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میں معذرت چاہتا ہوں کہ امل کیس کو ختم نہیں کر سکا، جانتا ہوں کہ آپ کی کوشش اب امل کی طرح دوسرے بچوں کے تحفظ کی ہے۔ امل کی والدہ نے کہا کہ آپ کا اور پورے بنچ کا اور سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ سپریم کورٹ نے امل عمر قتل کیس کی سماعت10 روز کے لیے ملتوی کر دی۔
امل قتل کیس