کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ‘ پاکستانی فوج کا منہ توڑ جواب‘ 3 بھارتی فوجی ہلاک
اسلام آباد، سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ، نامہ نگار) آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں تین بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔ بھارتی فورسز نے کھوئی رٹہ اور کوٹ قدیر سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں تین بھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے جبکہ بھارتی چیک پوسٹیں بھی تباہ ہوگئیں۔ ادھرسیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری لائن پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ و گولہ باری سے دو پاکستانیوں کے زخمی ہونے بارے چناب رینجرز اور بھارتی سیکورٹی فورسز کے کمپنی کمانڈز کی فلیگ میٹنگ ہوئی۔ فلیگ میٹنگ ہرپال سیکٹر پر چناب رینجرز کی کھنور پوسٹ پر ہوئی۔ چناب رینجرز کی طرف سے بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری اور دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ میٹنگ میں کمپنی کمانڈر بھارتی سکیورٹی فورسز اے سی ویوک دھائی مانن نے بتایا کہ پاکستانی کسان ورکنگ باؤنڈری لائن کے قریب تھے اس وجہ سے نشانہ بنایا، فلیگ میٹنگ میں آئندہ سیزفائر ایکٹ کی خلاف ورزی نہ کرنے پر بھارتی سکیورٹی فورسز اور چناب رینجرز کا اتفاق کیا گیا۔