• news

مہمند ڈیم ہر حال میں بنے گا‘ کسی کا باپ بھی حکومت نہیں گرا سکتا: فیصل واوڈا

کراچی (وقائع نگار)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے اعلان کیا ہے کہ کسی کا باپ بھی ہماری حکومت نہیں گرا سکتا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہمارا سندھ حکومت گرانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی سازش کررہے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ ہماری بات سنیں گے اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اگر سندھ حکومت نے کام نہیں کئے تو پھر آپ لوگ مجھے جانتے ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بچگانہ بات کرے گا تو اس انداز میں جواب دیاجائے گا۔ مہمند ڈیم ہر حال میں بنے گا اسے کوئی روک نہیں سکتا۔ سابق حکمرانوں نے صرف وعدے کئے عملی کام نہیں کیا۔ ڈیموں کی تعمیرروکنے کی بات دشمن ہی کرسکتا ہے،شہبازشریف نے بہت سی باتیں کی ہیں اس کا جواب پیر کوایوان میں دوں گا۔سندھ میں 58 فیصد پانی چوری ہورہا ہے۔ پانی چوری میں کون ملوث ہے ان تمام کیخلاف ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے۔ چاروں صوبوں میں ٹیلی میٹرزلگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ہمارے ووٹرز کی املاک گرائی جارہی ہیں۔تجاوزات کے نام پر قانونی تعمیرات بھی گرائی جارہی ہیں۔ہم نے تجاوزات کیخلاف کوئی حکم نہیں دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کے مسئلے پروزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے تعاون کا کہا ہے۔ میں ان کا مشکور ہوں۔امید ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ تعاون کریں گے۔ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق کچھ بھی نہیں کرسکتا۔ ڈی ایم سی آفس پر چھاپہ مارا ایک بھی بندہ وہاں موجود نہیں تھا، ڈیوٹی پر نہ آنے والوں کوخبردار کرنا چاہتا ہوں کہ احتیاط کریں۔

ای پیپر-دی نیشن