زرداری خود بینظیر حادثے کی بنیاد پر حادثاتی صدر بنے تھے: فیاض چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان کو حادثاتی وزیر اعظم کہنے والے آصف علی زرداری خود بے نظیر بھٹو کے حادثے کی بنیاد پر ملک کے صدر اور پارٹی کے چیئرمین بنے تھے، حادثاتی صدر اور پارٹی کے چیئرمین تو وہ خود ہیں۔ اب وہ کس منہ سے عمران خان صاحب کو حادثاتی وزیر اعظم کہہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر صاحبہ اپنے شوہر کی بد نیتی سے بخوبی واقف تھیں۔ اگر ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش نہ آتا تو وہ آصف علی زرداری صاحب کو اپنی حکومت میں نائب قاصد بھی نہ رکھتیں۔ اب جو زرداری صاحب کہہ رہے ہیں کہ عمران خان صاحب5سال پورے نہیں کر پائیں گے۔ ان سے میری گزارش ہے کہ آصف علی زرداری صاحب آپ نجومی بننا چھوڑ دیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت انشاء اللہ اپنے5سال پورے کرے گی اور اس ملک کے خزانے کو لوٹنے والوں کو بے نقاب بھی کرے گی۔ صوبائی وزیر کامزید کہنا تھا کہ اب جو جعلی اکاؤنٹس کا تفصیلی فیصلہ آیا ہے توِ زرداری صاحب، مراد علی شاہ اور بلاول زرداری کے طوطے اْڑ گئے ہیں اور انہوں نے جلسے اور تنقیدکرنا شروع کر دی ہے۔