والد کی میڈیکل رپورٹ فراہم نہ کرنے پر مریم نواز کا اظہار تشویش،نوازشریف کا انتظامیہ کی جانب سے ٹی وی کی پیشکش پر انکار ، نیب درخواست پر سماعت کل ہوگی
لاہور، اسلام آباد (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) مریم نواز نے جیل حکام کی جانب سے اپنے والد کے میڈیکل چیک اپ کی رپورٹ فراہم نہ کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ٹویٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قائم کئے جانے والے میڈیکل بورڈ نے جیل میں 16 جنوری کو طبی معائنہ کیا ہمیں ابھی تک آفیشل رپورٹ فراہم نہیں کی گئی ہے۔ نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت فوری اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ نے نواز شریف کو ٹیلی ویژن دینے کی پیشکش کر دی یاد رہے کہ جمعرات کو نواز شریف نے لیگی رہنماؤں سے دوران ملاقات ٹی وی نہ ملنے کا شکوہ کیا تھا۔ نواز شریف نے ٹی وی لینے سے انکار کر دیا۔دریں اثنا ء سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی العزیزیہ کیس میں احتسا ب عدالت کی سزا کے خلاف اپیل اور نیب کی سزا بڑھانے اور ہل میٹل میں بریت کے خلاف درخواست کی سماعت کل ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔