• news

روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی گنجائش ہے: شاہ محمود

ملتان(نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر مکمل طور پر متفق ہیں، اس بہت بڑے منصوبے سے متعلق اگر کسی کے ذہن میں کوئی شکوک وشبہات ہیں تو ایسے عناصر کو اس طرح کی سوچ کو ذہن سے نکال دینا چاہئے۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ روس کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی گنجائش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روس کئی شعبوں میں پاکستان کی معاونت کر سکتا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ دنیا کو اس بارے میں باور کروانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بہت سے ملکوں کیساتھ تعلقات میں بہتری آئی اور آنے والے دنوںمیں مزید بہتری آئیگی۔ انہوں نے کہا خارجہ پالیسی کی تشکیل کے حوالے سے وزارت خارجہ کی ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں سابق سفرائ، سابق وفاقی سیکریٹریز اور ملک کی تین یونیورسٹیوں کے ماہرین شامل ہیں ۔ جن کی آراء سے خارجہ پالیسی کی تشکیل میں مشاورت لی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن