• news

حکومت وفاق پنجاب میں بھی پانچ سال پورے کریگی: فیاض چوہان

لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت وفاق میں اور پنجاب میں بھی اپنے پانچ سال پورے کرے گی۔ ق لیگ اور پاکستان تحریک ایسے پلرز کی طرح ہیں جن پر پوری حکومت کھڑی ہے۔ چودھری برادران کیساتھ معاملات حل ہوگئے، میں یہ اعلانیہ کہتا ہوں کہ ہم ایک ہیں اور کبھی الگ نہیں ہوں گے۔ شریکوں کی اس اتحاد کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ہر بار کی طرح اس بار بھی ناکام ہوں گی۔ خواجہ برادران کے پروڈکشن آرڈر دے کر وزیر اعلیٰ اور سپیکر نے کھلے دل کا مظاہرہ کیا۔ سردار عثمان بزدار انتہائی معاملہ فہم وزیر اعلی ہیں جو انتہائی شائستہ اور مہذب انداز میں وزرا سے ملاقات کرتے ہیں۔پرویز الٰہی صاحب جیسے زیرک اور مدبر سیاستدان صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ چوہدری برادران بخوبی جانتے ہیں کہ کون ان کا دوست ہے اور کون دشمن۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے پنجاب سٹیڈیم میں منعقدہ نجی تعلیمی ادارے کے سپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل جاری تعلیمی سرگرمیاں بچوں کو تھکا دیتی ہیں۔ اس لئے تعلیمی اداروں میں کھیلوں پر مبنی سرگرمیاں بچوں کیلئے کام کے بعد آرام کے مترادف ہوتی ہیں۔ بعد ازاں موجودہ سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت پانچ سال مکمل کرے گی، چوہدری برادران کو ایک طویل عرصے سے جانتا ہوں وہ کبھی بھی حکومت سے علیحدگی اختیار نہیں کریں گے۔ صوبائی وزیر معدنیات عمار یاسر کو وزیراعلیٰ سے نہیں بلکہ بیوروکریسی سے مسئلہ تھا جس پر وہ مستعفی ہوئے لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ جلد واپس آ جائیں گے۔ وہ ہمارے دوست اور بھائی ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر وزیر اعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے جاری کئے جبکہ سابق حکومت میں خادم اعلیٰ نے ایسا کچھ نہیں کیا۔ ہمارے شریکوں کی کوئی بھی خواہش پوری نہیں ہوگی جبکہ ہم اپنی حکومت میں عوام کے تمام مسائل دور کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن