• news

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خطرناک‘ بھارتی ہٹ دھرمی باعث تشویش‘ تعمیری کردار ادا کرنے پر تیار ہیں: چین

بیجنگ(آن لائن) چین نے پاکستان بھارت تعلقات کی بحالی میں تعمیری کردار ادا کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال نے بین الاقوامی برادری کی توجہ اپنی طرف مرکوز کی ہے لہذا چین کشمیر کی موجودہ صورت حال کو نظرانداز نہیں کر سکتا۔اس دوران چین نے واضح کیا کشمیر میں کنٹرول لائن پر کشیدگی سے برصغیر کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے لہذا اس مسئلے کو حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جنگ شوائنگ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کشمیر میں جو صورت حال پیدا ہو رہی ہے وہ انتہائی خطرناک ہے اور اس صورت حال سے اب براہ راست عالمی برادری کی توجہ کو اپنی جانب مرکوز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر میں کنٹرول لائن پر جو سرحدی کشیدگی بڑھ رہی ہے وہ نہ صرف دونوں کے امن کو غارت کر رہی ہے بلکہ پڑوسی ممالک بھی اس سے متاثر ہوںگے لہذا چین کسی بھی صورت میں اس مسئلے کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ انہوں نے دونوں ممالک کو مشورہ دیا کہ وہ اس نازک مرحلے پر کشمیر مسئلے کے حل کے لئے کوششیں شروع کریں تاہم چین نے دونوں ممالک کو پیش کش کی ہے کہ چین دونوں ممالک کو قریب لانے اور مذاکرات کی بحالی میں تعمیری روال ادا کر سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے تعمیری کردار بھی اد اکرنے کے لئے چین تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا اگرچہ بھارت ہر محاذ پر یہ کہتا آیا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر تیسرے فریق کی ثالثی ناقابل قبول ہے لیکن اس کے باوجود جو صورت حال بن رہی ہے اس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا تنازعہ پر بھارت کی ہٹ دھرمی باعث تشویش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن