• news

پاکستان‘ بھارت مسئلہ کشمیر پر بامعنی مذاکرات کریں: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک سٹی(اے این این+آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوئیٹریس نے واضح کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سامنے لانے سے متعلق رپورٹ قابل تحسین ہے، اقوام متحدہ نے اس حوالے سے حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کر کے اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھایا، اقوام متحدہ نے دونوں ممالک میں مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیش کش کی تھی جس پر ابھی تک کامیابی نہیں ملی، امید ہے عالمی تعلقات کی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور بھارت مذاکرات کی میز پر آئیں گے۔اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی صحافی نے سیکرٹری جنرل سے اس حوالے سے سوال کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت کی جانب سے متعدد مرتبہ امن اور مذاکرات کی بات کیے جانے کے باوجود بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔پاکستانی صحافی نے مزید کہا کہ صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے صورتحال خراب ہے۔جس کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا میں اپنے دفتر کو دونوں ملکوں کے درمیان مذکرات کے آغاز کے سلسلے میں پیش کرتا رہا ہوں لیکن اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ہائی کمشنر فار ہیومن رائٹس نے حال ہی میں کشمیر کے حوالے سے ایک بہت تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے لہذا اقوام متحدہ نے واضح طور پر اپنا کردار نبھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی معاملات میں اپنی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور بھارت معنی خیز مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے۔انتو نیوگوئیٹرس نے امریکہ اور شمالی کوریا پر مذاکرات جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا اور کہا شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات میں مزید تاخیر مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا اب وقت آ گیا ہے امریکہ اور شمالی کوریا بیانگ یانگ کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرکے اس سلسلے میں سنجیدہ مذاکرات کریں۔ انہوں نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنے کے لئے امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات کامیاب بنانے کی ضمانت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن