پرو ہاکی لیگ: 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان، علی شان کپتان مقرر
لاہور(نمائندہ سپورٹس)ایف آئی ایچ کے زیر اہتمام پرو ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپیئن اصلاح الدین نے ٹرائلز کے بعد اٹھارہ رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔اس موقع پر صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر‘قائم مقام سیکرٹری پی ایچ ایف اخلاق عثمانی‘سلیکشن کمیٹی ممبران ایاز محمود‘قاسم خان اور مصدق حسین بھی موجود تھے۔علی شان کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اٹھارہ رکنی ٹیم میں وقاراحمد، امجد علی،علیم بلال، مبشر علی‘رضوان علی، امجد علی خان، ابوبکر محمود، معین شکیل، اظفر یعقوب، فیصل قادر، رضوان علی، عاطف مشتاق، عتیق ارشد‘ رانا وحید، جنید منظور، عضنفر علی، علی عزیز، شان ارشادشامل ہیں.ہیڈ کوچ سعید خان جبکہ اسسٹنٹ کوچز ریحان بٹ اور دانش کلیم ہونگے۔ پاکستان لیگ کا پہلا میچ ارجنٹائن کے خلاف دو فروری کو کھیلے گا۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت پاکستان سے 12کروڑ روپے گرانٹ کی درخواست کر رکھی ہے تاکہ ہاکی پرو لیگ میں شرکت کی جاسکے ۔ فیڈریشن نے کہا تھا کہ اگر گرانٹ نہ ملی تو لیگ میں شرکت مشکوک ہوجائے گی ۔ دوسری طرف انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر پاکستان نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہ کی تو اس پر دوسال کیلئے پابندی عائد کر دی جائے گی ۔