• news

جنرل ہسپتال کے قیام کی 60 سالہ تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری

لاہور (نیوز رپورٹر) جنرل ہسپتال کے قیام کی 60 سالہ تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور گداگر خانے سے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیچنگ ہسپتال کے قیام اور مریضوں کی خدمت کا 60 سالہ سفر 29 جنوری کو مکمل ہونے جا رہا ہے جس روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں پروقار اور بڑی تقریب منعقد ہو گی۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے بتایا کہ اس تقریب میں اعلیٰ شخصیات کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جا رہا ہے جبکہ ریٹائرڈ پروفیسرز، پرنسپلز، انتظامی ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور پیرامیڈیکس کی بڑی تعداد شرکت کرے گی جہاں ماضی کی یادیں تازہ کرنے کے علاوہ نوجوان ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو اپنے تجربات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ ایل جی ایچ کی تاریخ سب کے سامنے ہے اور دارالفلاح سے لے کر جنرل ہسپتال کے قیام تک آنے والے اتار چڑھائو اور میڈیکل کے شعبے میں اس ادارے کا نمایاں مقام ہم سب کے لئے قابل فخر ہے جہاں بالخصوص نیورو کے شعبے کے لئے دور دراز کے علاقوں سے مریض یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ 60 سال کے مکمل ہونے کی تقریبات کے انعقاد کا مقصد اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ ان عوامل کا جائزہ لینا ہے جن پر عمل کرکے مستقبل کے لئے مزید بہتر منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن