• news

کرتارپور کووریڈور پر ترقیاتی کاموں کے دوران گوردوارہ کا تقدس ملحوظ رکھا جائے : سدھو کا عمران کو خط

اسلام آباد+ نئی دہلی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے وزیر اعظم عمران خان کے نام لکھے گئے خط میں کرتار پور کوریڈور کے حوالے سے تجاویز پیش کی ہیں۔ بھارتی کرکٹر نے کہا کہ یہ سکھوں کیلئے مقدس ترین زمین ہے۔ کوریڈور پر ترقیاتی منصوبوں کے وقت کرتار پور کے تقدس کا خاص خیال رکھا جائے۔ خط میں کہا گیا کہ کوریڈور پر روایتی بازار بنائے جائیں، جس سے زائرین سودا سلف لے سکیں۔ خط کے مطابق اس مقدس زمین پر مقامی پھل اور سبزیاں کاشت کی جائیں جو زائرین کیلئے لنگر میں استعمال کیے جائیں۔ خط میں کہا گیا کہ کوریڈور میں پکی سڑکیں بنانے سے گریز کیا جائے تاکہ پیدل چلتے ہوئے مقدس مٹی پر قدم رکھنے کا شرف حاصل ہو۔ خط کے متن کے مطابق زائرین کیلئے بنائے جانے والے بازار اور دیگر سہولت گھر ماحول دوست ہونا چاہئیں۔ خط میں کہا گیا کہ صفائی ستھرائی کا خاص بندوبست کیا جائے اور کچرا اٹھانے کا مناسب انتظام کیا جائے۔ خط میں سدھو نے کہا کہ ہمیں مقامی فنکاروں کو اس مقدس دھرتی سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کیلئے مناسب انتظام کرنا چاہئے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ گوردوارہ کی مذہبی اہمیت کے پیش نظر وہاں کمرشل سہولیات کے کام پر نظرثانی کی جائے، اس علاقے اور مقام سے دنیا بھر کے سکھوں کے گہرے جذبات وابستہ ہیں اس لئے تعمیراتی کام میں کرتارپور کی روایتی ثقافتی تاریخ محفوظ رکھنے پر بھی توجہ دی جائے۔ بابا گرونانک کی ساڑھے پانچ سوسالہ تقریبات پر دنیا بھر سے سکھر یہاں آنا چاہیں گے۔ گوردوارہ کے اردگرد موجود قدرتی ماحول کو بھی محفوظ بنایا جائے۔ کرتارپور راہداری میں بزرگوں، معذوروں کے علاوہ دیگر عمومی آمدورفت پیدل رکھی جائے، یاتریوں کی سہولت کیلئے کھانے پینے، خریداری کے سٹالز کی بجائے روایتی جگہیں بنائی جائیں۔
سدھو خط

ای پیپر-دی نیشن