ساہیوال واقعہ : ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے‘ انصاف کی حکمرانی یقینی بنائی جائیگی : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ساہیوال میں پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے اورواقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس واقعہ میں جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی اور ذمہ دار وں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اور انصاف کی حکمرانی کو یقینی بنا ئیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا اور اس واقعہ کے حوالے سے انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران واقعہ کے مختلف پہلوﺅں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور وزیراعلیٰ کو واقعہ کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
عثمان بزدار