سرد موسم، نامساعد حالات‘ کوہ پیما کے ٹو، نانگا پربت سر کرنے کیلئے پْر عزم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سرد موسم اور نامساعد حالات کے باوجود غیر ملکی کوہ پیماؤں نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو اور ’قاتل پہاڑ‘ نانگا پربت کو سر کرنے کے لیے عزم کا اظہار کردیا۔ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کے لیے کوہ پیما اپنی مہم جوئی کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی ٹیم میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ شمالی علاقہ جات بالخصوص پاک چین سرحد پر موسم انتہائی خراب ہے جہاں مسلسل برفباری ہورہی ہے اور تیز یخ بستہ ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے جو کوہ پیما کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ کوہ پیما موسم کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے قدم آگے بڑھا رہے ہیں تاکہ وہ برف باری، چٹانیں سرکنے، برف کے طودے اور تیز ہواؤں سے بچ سکیں۔ دو ٹیموں پر مشتمل کوہِ پیماؤں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی لیکن خراب موسم کی وجہ سے وہ واپس کے ٹو کے اپنے بیس کیمپ پر پہنچ گئے۔