پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو پروان چڑھانے کیلئے ایٹلیٹیکو میڈرڈ پرعزم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں اب فٹبال کی ترویج کیلئے ہسپانوی کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ بیڑہ اٹھالیا۔ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے لاہور میں کلب کا آغاز کیا ہے، یہ کلب ملک میں پہلی یورپی اکیڈمی ہے، یہاں نئی نسل کو فٹ بال کے ماہر کھلاڑی بننے کے گر سکھائے جاتے ہیں۔ کلب کے کوچ یاویئر ویسا کا کہنا تھا کہ ابھی ابتدائی مرحلہ ہے، یہاں ہم ایٹلیٹیکو میڈرڈ کیلئے مستقبل کے کھلاڑی نہیں تلاش کر رہے، ابھی شروعات ہیں، اس میں ابھی بہت ٹائم لگے گا، تاہم ہماری کوشش ہے کہ یہاں فٹ بال اور کھلاڑیوں کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ لوگوں میں فٹ بال سے لگاو پیدا کرے اور اس کھیل کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ہمیں متعدد مسائل کو حل کرنا ہے ، ہمیں بہترین پلے گراونڈز بنانے ہیں، اس مقصد کے لیے فنڈز کے حصول اور فیفا اور پاکستان کے درمیان پیدا ناہموار صورت حال کو حل کرنا ہے۔گذشتہ برس ستمبر میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کی جانب سے بنایا گیا یہ کلب ان عوامل کو بروئے کار لاکر کھیل کی نشوونما میں اپنا کردار ادا کریگا۔ ملک میں فٹبال کے شوقین افراد کی اچھی خاصی تعداد رہتی ہے جن کو پریمیئر لیگ اور لالیگا کا بھی پتا ہے۔ ایٹلیٹیکو میڈرڈ کا مقصد ملک میں کھیل بالخصوص فٹبال کی ترویج ہے۔پاکستان میں ہاکی بھی ایک مقبول عام کھیل رہا ہے اور عالمی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کو ایک بھاری بھرکم چیمپئن کے طور پر دیکھا گیا ، پاکستانی ٹیم نے چار مرتبہ ورلڈ کپ جیتا ہے۔لیکن کرکٹ کی وجہ سے ہاکی پس منظر میں چلا گیا۔ امید ہے کہ کسی دوسری مضبوط شخصیت کے آنے کے بعد شاید ملک میں فٹبال کا مستقبل بالکل بدل جائے۔سپین میں پاکستان سے آنے کی خبریں کافی ڈراؤنی ہوتی تھیں، لیکن اب کافی کچھ بدل گیا ہے، اب یہ ہمیں سپین جیسا ہی محسوس ہوتا ہے۔