سری لنکن فاسٹ بائولر نووان پرادیپ فٹنس مسائل کے باعث دورہ آسٹریلیا سے باہر
لاہور (سپورٹس ڈیسک)سری لنکن فاسٹ بائولر نووان پرادیپ فٹنس مسائل کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے، وہ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف پریکٹس میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا ہوئے تھے۔ سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24 جنوری سے شروع ہو گا۔ اتوار کو سری لنکا کرکٹ نے پرادیپ کے آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے دستبردار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں گریڈ ون سٹرین کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے وہ کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ پرادیپ نے آخری مرتبہ اکتوبر 2017ء میں ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔