• news

مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان بھارت مذاکرات ضروری ہیں : صدر جنرل اسمبلی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ/ نامہ نگار) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنانڈا نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خواتین کاکس کا دورہ کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ویمن کاکس کے دورے کے دوران سابق سپیکر قومی اسمبلی اور موجودہ وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور دوسری خواتین ارکان اسمبلی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کا استقبال کیا۔ جنرل اسمبلی کی صدر نے قومی اسمبلی میں ویمن کاکس کی سرگرمیوں کی تعریف کی۔ ماریا فرنانڈا ایسپنوزا نے اقوام متحدہ کے قیام امن مشن میں پاک فوج کے قابل تعریف کردار کا اعتراف کیا اور کہا کہ پاکستان دنیا کے شورش زدہ اور بد امنی کے شکار علاقوں میں کردار ادا کرنے والے بڑے ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے یہ بات نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی ماریہ فرونانڈا سے اسلام آباد میں ملاقات کی،صباح نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدرنے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے پاکستان اور بھارت میںمذاکرات بہت ضروری ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ انتہائی یادگار ہے پاکستانی قیادت سے انتہائی مفید ملاقاتیں ہوئیں حکومت کا بلین ٹری منصوبہ قابل تعریف ہے۔ اقوام متحدہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کوشاںہے افغانستان میں امن خطے کے امن کے لئے ضروری ہے افغان امن کے لئے پاکستان اہم کردار ادا کررہاہے ۔

ای پیپر-دی نیشن