• news

حب مسافر : کوچ اور ٹرک میں تصادم 26 افراد زندہ جل گئے‘ سات زخمی‘ متعدد کی حالت نازک

حب، کراچ ی(الیاس کمبوہ+ نوائے وقت رپورٹ)بیلا کے قریب مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آتشزدگی کے باعث 26 افراد جھلس کر جاںبحق اور 7 زخمی ہوگئے،متعدد کی حالت نازک ہے۔ پیر کے روز کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرک میں جس پر ماربل کے پتھر لوڈ تھے بیلا کے قریب چمن ہوٹل کے پاس ٹرک سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ مسافر کوچ میں 35 سے زائد مرد‘ خواتین اور بچے سوار تھے۔ 17 مسافر کوچ سے کود کر جان بچانے میں کامیاب ہوئے تاہم جھلس کر زخمی حالت میں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے انہیں سول اسپتال بیلا منتقل کیا گیا جن میں 4 شدید زخمیوں کو سول اسپتال کراچی روانہ کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل اور ایس ایس پی آغا رمضان علی نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ریسکیو کیا۔ ان کے مطابق 23 جلی ہوئی لاشیں مسافر کوچ اور 2 ٹرک سے نکالی گئی ہیں۔ تاہم کوچ سے مزید 3,2 نعشیں ملنے کا خدشہ ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کیا اور تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔دریں اثنا چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حب حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا قیمتی جانوں کے ضیاع نے افسردہ کردیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ حادثے کے زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائے جائے۔
حب حادثہ

ای پیپر-دی نیشن