ٹیم مینجمنٹ فخر زمان کی خامیوں پر کام کرے،عامر سہیل
لاہور(آئی این پی)سابق قومی کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ اوپننگ بیٹسمین فخر زمان کی خامیوں اور کمزوریوں پر جنوبی افریقہ کے دورے سے قبل کام کرنے کی ضرورت تھی جن کی ٹیسٹ میچز میں ناکامی کی ذمہ داری پاکستان کرکٹ کے نظام کے ساتھ سلیکٹرز اور کوچز پر بھی عائد ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں 32 رنز بنانے والے فخر زمان کو ون ڈے سیریز میں ڈیوڈ وارنر کی طرح جارحانہ انداز سے کھیلنے کی ہدایت کی گئی ہے ،اس ہدایت کا مقصد انہیں عالمی کپ کے لیے تیاری کرانا ہے لیکن عامر سہیل کا خیال ہے کہ فخر زمان کو بیرون ملک کسی بھی طرز کی کرکٹ میں کھلانے سے قبل ان کی بیٹنگ میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے کیونکہ انہیں حریف بالرز پر چڑھ کر کھیلنے کا واحد طریقہ آتا ہے اور کچھ سٹروکس وہ متواتر کھیلتے ہیں جن کا جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا کی وکٹوں پر کھیلنا درست نہیں ہے،اب یہ فخر زمان پر منحصر ہے کہ و ہ اپنی تکنیک پر کام کرکے زیادہ بہتر بلے باز کے طور پر واپس آئیں لیکن کوچز کو بھی ان کی تکنیک ٹھیک کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔