پشاور میں ملا عمر کے بیٹے یعقوب کی ہلاکت، طالبان نے تردید کر دی
کابل (نیٹ نیوز) افغان طالبان نے ملا عمر کے بیٹے اور سینئر رہنما ملا محمد یعقوب کی پاکستان میں ہلاکت کی خبروں کی تردید کر دی ہے ملا محمد یعقوب طالبان کے بانی رہنما ملا عمر کے سب سے بڑے بیٹے اور افغانستان کے 34 صوبوں میں سے 15 میں طالبان کے فوجی کمیشن کے سربراہ ہیں غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملا عمر یعقوب کی پشاور میں ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جسے طالبان نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے منگل کو جاری بیان میں اس خبر کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر جھوٹ ہے اور افغان حکومت اپنی شکست اور ندامت کو چھپانے کیلئے اسطرح کے جھوٹ گھڑ رہی ہے۔