صدر نے سعودی چیف آف جنرل سٹاف کو نشان امتیاز سے نوازا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز ایوان صدر میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف فیاض بن حامد کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔ تقریب میں چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود اور دوسرے حکام نے شرکت کی۔ بعد میں سعودی چیف آف جنرل سٹاف نے صدر مملکت سے ملاقات کی۔ دریں اثناء صدرمملکت عارف علوی سے گزشتہ روز متعدد شخصیات نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں فاٹا کے لئے این سی ایچ آر کی رکن بیگم خان‘ خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمر زمان پاکستان نیشنل آرکائیوز کے حکام شامل تھے۔ صدر نے بعد میں نیشنل آرکائیوز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے پاسپورٹ اور دوسری دستاویزات ملاحظہ کیں۔