• news

لاہور، شیخوپورہ سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش، اور ژالہ باری

لاہور، اسلام آباد، ایبٹ آباد (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) لاہور، شیخوپورہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے تیز اور موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے ملکہ کوہسار کے بعد لاہور نے بھی سفید برف کی چادر اوڑھ لی۔ منگل کی رات کو تیز ہوائوں کے ساتھ شروع ہونے والی بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ ژالہ باری شروع ہوتے ہی لوگ اسے دیکھنے کیلئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور ژالہ باری کا نظارہ دیکھ کر خوش ہوتے رہے اور اسے اپنے موبائل کیمرہ کی آنکھ محفوظ کرتے دکھائی دئیے۔ بعض علاقوں میں کئی کئی انچ برف کی تہہ لگ گئی۔ لاہور میں ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب شادی ہال کا شیڈ گرنے سے شادی کی تقریب میں شریک افراد ملبے تلے پھنس گئے، ریسکیو اہلکاروں نے انہیں نکال لیا تاہم 6 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ شیخوپورہ میں گرج چمک کی وجہ سے متعدد علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند جبکہ نوائے وقت آفس شیخوپورہ میں بجلی کی گرج سے کئی کمپیوٹر جل گئے۔ دوسری طرف ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ روز بھی وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر اور گلگستان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، مردان، کوہاٹ، پشاور اور اسلام آباد میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ علاوہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش راولپنڈی 54، اسلام آباد 45، مری میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری طرف شدید دھند اور بارش کے باعث پہاڑی تودہ گرنے سے 7 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے۔ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں وین اور ٹرک میں تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے خدائی بنگلہ کے قریب سڑک پر مسافر وین اور ٹرک میں ٹکر کا واقعہ پیش آیا جس میں جاں بحق ہونے والوں دونوں افراد کی نعشوں اور 8 زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کیا گیا۔ ریسکیو ذرائع نے کہا کہ مظفر گڑھ میں حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین رنگپور سے ملتان جا رہی تھی۔منڈا چوک پر ٹرک اور بس کے درمیان تصادم سے 5افراد زخمی ہوگئے۔ چشتیاں میں دھند کے باعث بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار چھٹی جماعت کا طالبعلم جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ جہانیاں میں دھند کے باعث میتلا چوک کے قریب کار 2موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4فراد زخمی ہوکر ہسپتال پہنچ گئے۔نوشہرو فیروز میں پھل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق اورایک شدید زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء ایبٹ آباد میں اپر کہال کے مقام پر پہاڑی تودہ مکان پر گر گیا جس کے نتیجہ میں ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے نعشو ں کے ملبہ تلے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ادھر ایبٹ آباد میں بارش اور گلیات میں برف باری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے۔ نتھیا گلی سمیت گلیات کے اکثر علاقوں میں دو فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے۔ بالائی گلیات کی تمام چھوٹی بڑی رابطہ سڑکیں برف باری کے باعث بند ہیں۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے بعد خشک سردی کا خاتمہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ ملک کے مختلف شہروں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ گزشتہ شب سے جاری ہے جبکہ راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بھی تعطل پیدا ہو گیا۔ کراچی میں ہر بار کی طرح بارش کے باعث متعدد بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے بعد شہر کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوبا رہا۔اس کے علاوہ خیبر پی کے اور بلوچستان کے شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔

ای پیپر-دی نیشن