• news

کراکس: وینزویلن صدر کیخلاف فوجی بغاوت ناکام، 27 اہلکار گرفتار

کراکس (اے پی پی) وینزویلا میں صدر کے خلاف فوجی بغاوت کو ناکام بناتے ہوئے باغی فوجیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت کراکس کی ایک کمانڈ پوسٹ پر تعینات فوجیوں نے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو جاری کی جس میں صدر نکولس مادورو کے خلاف بغاوت کرنے کا اعلان اور عوام سے سڑکوں پر آکر حمایت کی اپیل کی گئی تھی۔ وینزویلا کے وزیر دفاع ولادی میر پادرینو نے اس وڈیو کے منظر عام پر آنے کے فوری بعد جاری بیان میں کہا کہ باغی فوجیوں کی تعداد 27 ہے اور انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم گرفتاری سے قبل ان لوگوں نے نیشنل گارڈ کی ایک اور کمانڈ پوسٹ پر حملہ کیا اور وہاں سے اسلحہ لوٹنے کے ساتھ ساتھ چار افراد کو بھی یرغمال بنالیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ مذکورہ فوجیوں کو گرفتار کرکے ان سے لوٹا ہوا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، ان پوچھ گچھ جاری ہے اور ان کو قانون کی بھرپورطاقت کا سامنا کرنا ہوگا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک کے بعض حصوں میں باغی فوجیوں کی اپیل پر پر تشدد مظاہرے بھی ہوئے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ارکان نے ان پر قابو پالیا تاہم اس دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن