مقبوضہ کشمیر: مزید 3 نوجوان شہید‘ 3 شہدا سپرد خاک‘ کئی علاقوں میں ہڑتال
سرینگر (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں منگل کو بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا۔ یوں گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہدا کی تعداد6 ہوگئی۔ دریں اثنا گزشتہ روزچرار شریف میں شہید 3 نوجوانوں کو منگل کے روز سپردخاک کردیا گیا۔ بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے ہیف شیر مال نامی علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ شوپیاں میں مظاہرین اور فورسز کے مابین جھڑپوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ قصبے میں موبائل، انٹرنٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ مظاہرین کے خلاف بھارتی فورسز کارروائی کی کوریج کے دوران بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے وسیم اندرابی، رائزنگ کشمیر کے نثار الحق، سمیت 4 فوٹو جرنلسٹ پیلٹ فائر لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھر چرار شریف میں شہید3 نوجوانوں شاہد بابا، منظور احمد اور ہلال احمد راتھر کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ہزاروں شہریوں نے بارش اور برفباری کے باوجود شرکت کی اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔ ضلع میں مکمل ہڑتال کی گئی جس دوران کاروبار مراکز اور تجارتی ادارے بند رہے۔ ہڑتال کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی اثر پڑا ۔ اس دوران فورسز نے احتجاج کرنیوالے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے۔ ادھر ضلع بارہمولہ کے ڈندورہ رفیع آباد علاقے کو بھاری برف باری اور سخت سردی کے دوران محاصرے میں لیا گیا اور گھر گھر تلاشی لی گئی۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ جو قوم عزم مصمم کرکے اپنی آزادی اور حق خودارادیت کیلئے کمر ہمت باندھ لیتی ہے اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ پر وادی میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور مکمل ہڑتال ہوگی۔ ہم یوم سیاہ منا کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھارتی خلا فورزیوں سے دنیا کو آگاہ کرینگے۔ جموں کشمیر کے غیور لوگوں نے اپنی تحریک آزادی کو جاری رکھا۔ حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے گائوکدل اور ہندواڑہ سانحات کے مہلوکین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یادیں آج بھی تازہ ہیں اور وہ دن ضرور آئے گا جب ان نہتے شہریوں کا مقدس خون رنگ لائے گا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کے تازہ واقعات میں نوجوانوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں نابینا بنایا جا رہا ہے اور سیاستدان اس پرانے تنازعہ کا منصفانہ حل تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔