• news

جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب کی مشترکہ ٹیم نے تحقیقات شروع کردی، چیئرمین براہ راست نگرانی کرینگے

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اہم ترین اجلاس گزشتہ روز نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پراسیکیوٹر جنرل نیب، ڈی جی آپریشنز، ڈی جی راولپنڈی اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ نیب اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیک اکائونٹس کیس میں فیصلے کا انتہائی گہرائی اور گیرائی سے جائزہ لیاگیا اور نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) نے قانون کے مطابق باقاعدہ طور پر ا پنا کام شروع کردیا ہے۔ نیب نے ایک مرتبہ پھر یقین دہانی کرائی سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں نیب قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔ میڈیا سے درخواست ہے وہ فیک اکائونٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال لاہور پہنچ گئے۔ چیئرمین نیب آج بروز بدھ انویسٹی گیشن افسران اور پراسیکیوٹرز سے علیحدہ علیحدہ خطاب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن