ہٹ دھرمی برقرار، بھارت کا کرتار پور پر وفد پاکستان بھیجنے سے انکار
نئی دہلی، اسلام آباد (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی طرف سے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا اور کرتارپور راہداری کے سلسلے میں پھر پاکستان آنے سے انکار کردیا گیا۔ پاکستان نے بھارتی وفد کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔ کرتارپور پر پاکستانی پیشکش کا بھارت سے جواب موصول ہوگیا۔ بھارت نے کرتارپور پر تفصیلات کیلئے پاکستانی وفد کو نئی دہلی بلالیا۔ پاکستانی وفد کو دورے کیلئے 2 تاریخیں بیان کی گئی ہیں۔ بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان وفد 26 فروری یا 7 مارچ کو نئی دہلی بھیج سکتا ہے۔ تاہم پاکستانی وفد نئی دہلی جائے گا یا نہیں فیصلہ وزیراعظم عمران خان کرینگے۔ دوسری طرف بھارت جنوبی ایشیا میں اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کیلئے فرانس سے ایک ہزار کروڑ روپے مالیت کے 3000سے زائد میلان 2T ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل خریدنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزارت دفاع کے اعلیٰ سطح ایک اجلاس میں دوسری جنریشن کے میلان 2T ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل خریدنے کی تجویز پر غور کیاجائیگا۔ بھارتی خبر ایجنسی ایشن نیوز انٹرنیشنل کے مطابق یہ میزائل بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ فرانس کی ایک کمپنی کے تعاون سے تیار کر رہی ہے۔ ایجنسی نے بھارتی وزارت دفاع کے حوالے سے کہاہے کہ بھارتی فوج کوتیسری جنریشن کے 70ہزارسے زائد میزائل شکن گائیڈڈ میزائلوںکی ضرورت ہے جن کی رینج زیادہ ہو ۔ میلان 2Tفرانسیسی ساختہ دوسری جنریشن کا ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل ہے جو بھارت میں تیار کیاجاتا ہے جس کی رینج دو کلو میٹر ہے ۔ بھارت نے 2008ء میں 41سو میلان 2T میزائلوںکی خریداری کی آرڈر دیاتھا۔