اسلام آباد ہائیکورٹ: شہباز شریف کی چیئرمین پی اے سی تقرری کیخلاف درخواست مسترد
اسلام آباد+ لاہور (ایجنسیاں + وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہبازشریف کی بطور چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی تقرری کے خلاف درخواست خارج کردی۔ مقامی وکیل ریاض حنیف نے شہبازشریف کے تقرر کو چیلنج کیا تھا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مختصر سماعت کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے منگل کو فیصلہ سناتے ہوئے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔ دوسری جانب شہبازشریف نے عدالتی فیصلے پر رد عمل میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ کا شکریہ جس نے یہ فیصلہ دیا۔ دوسری جانب شہباز شریف نے اپنی رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے عدالت کا دو رکنی بنچ آج ان کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ دائر درخواست ضمانت میں بیماری کو بھی بنیاد بنایا گیا ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے درخواست ضمانت میں بتایا گیا ہے کہ نیب نے بے بنیاد الزامات میں شہباز شریف کو گرفتار کیا ہے اور سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔