• news

’’نواز شریف کا دل معمول سے بڑا پٹھے موٹے ہو گئے‘‘ ، پی آئی سی میں ٹیسٹ معائنہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیوز ڈیسک+ ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو طبی معائنے کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے، نواز شریف کی ای سی جی، ایکو کارڈیو گرافی اور تھیلیم ٹیسٹ کیے گئے جس کے مطابق نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا جبکہ دل کے پٹھے بھی موٹے ہو گئے ہیں۔ نواز شریف کو انتہائی سخت سکیورٹی میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا۔ سابق وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر ہسپتال کے باہر اور اندر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جس کی وجہ سے ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نواز شریف کی پی آئی سی آمد کی اطلاع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن بھی ہسپتال پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق پروفیسر شاہد حمید کی سربراہی میں ڈاکٹروں نے نواز شریف کے دل کے تین ٹیسٹ لیے گئے جس میں ان کی ای سی جی، ایکو کارڈیو گرافی اور تھیلیم ٹیسٹ کیے گئے۔ نواز شریف کے تھیلیمم ٹیسٹ کا رزلٹ ابھی نہیں آیا۔ اس موقع پر نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی موجود تھے۔ طبی معائنہ مکمل ہونے پر کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ نواز شریف کو واپس اپنے ساتھ لے گئی۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یہ والد کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، میرے لئے اس کی معلومات کا ذریعہ صرف میڈیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کی صحت کے حوالے سے ان کے ذاتی معالج اور گھر والوں سے مسلسل رابطہ رکھے۔ نواز شریف کی صحت کے بارے میں ان کے چاہنے والوں کو گہری تشویش ہے، نواز شریف نے پاکستان کی بہت خدمت کی ہے۔ ادھر نوازشریف کے میڈیکل ٹیسٹ پر مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائونوٹس جمع کرا دیا۔ مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی ثانیہ عاشق کے توجہ دلائو نوٹس میں کہا گیا ہے جیل انتظامیہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے اہل خانہ کو درست معلومات اور میڈیکل رپورٹس دینے سے گریزاں ہے۔ نواز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔ ایک صحافی نے سوال کیا میاں صاحب آپ کو ہسپتال تاخیر سے لایا گیا، تاہم نواز شریف خاموش رہے۔ دوبارہ سوال پر نواز شریف نے کہا کہ ان کو معلوم ہوگا، یہی بہتر بتا سکتے ہیں۔مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف بہت باہمت شخص ہیں ان کے کچھ ٹیسٹ ہوئے ہیں جن کی رپورٹس زیادہ اچھی نہیں آئیں۔ نواز شریف نے کارکنوں کو سلام بھجوایا ہے اور ان سے دعا کرنے کی درخواست کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن