برصغیر میں اسلام کے فروغ میں صوفیانہ کلام کا بہت بڑا کردار ہے ٗچیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد شمیم احمد خان کا کہنا ہے کہ حضرت میاں محمد رمضان المعروف میاں موداکے لکھے گئے عارفانہ کلام پر مبنی "آئین درویش" صوفیانہ شاعری میں ایک بابرکت اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ برصغیر میں اسلام کے بول بالا میں صوفیانہ کلام بہت ممدو معاون ثابت ہوا۔فاضل چیف جسٹس نے ان خیالات کا اظہار معروف درویش میاں مودا کی کتاب آئین درویش کی تقریب رونمائی کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سابق جسٹس لاہور ہائی کورٹ نذیر احمد غازی، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ چودھری ہمایوں امتیاز،صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نور سمند خان، سیکرٹری ٹو چیف جسٹس جمیل حسین بلوچ سمیت دیگر نامور شخصیات بھی موجود تھیں۔فاضل چیف جسٹس کا کہا تھا کہ صوفی بزرگوں اور درویشوں بشمول میاں محمد بخش، بابا بلھے شاہ، پیر وارث شاہ، حضرت علی ہجویری جیسے صوفیاء نے نہ صرف اسلام کی اشاعت میں اہم کردار ادا کیا بلکہ اپنے کلام کے ذریعے امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کا بھی درس دیا۔