معیشت پر مثبت اثرپڑیگا‘ ٹیکسز میں کمی سے مہنگائی نہیں بڑھے گی : تاجر برادری
لاہور (کامرس رپورٹر)کاروباری برادری نے مالیاتی ترمیمی بل 2019 پر رد عمل میں کہا ہے کہ اس کا معیشت پر مثبت اثر پڑے گا جتنے ٹیکسز کم کئے گئے اس سے مہنگائی کم ہو گی۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر الماس حیدر ،سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، شاہد حسن شیخ، میاں مظفر علی، فاروق افتخار، میاں نعمان کبیر، امجد علی جاوا، عرفان اقبال شیخ ، ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی ارکان نے مالیاتی ترمیمی بل 2019ءکو خوش آئند قرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور چیمبر کی بہت سی تجاویز حکومت نے تسلیم کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی خام مال پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی اور خاتمہ پیداواری لاگت میں کمی لائے گا۔ سمگلنگ کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کا ٹیکس ریٹ کم کرنے سے ایس ایم ای سیکٹر کو فائدہ ہوگا اور ان میں بنکوں کی سرمایہ کاری بڑھے گی۔انہوں نے نیوز پرنٹ پر ڈیوٹی ختم کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ جب تک صحافت آزاد ہے ملک میں جمہوریت مضبوط ہے۔ ہم حکومت کو شاباش دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فائلر اور نان فائلر کے درمیان فرق سے کار انڈسٹری کا حجم 30فیصد تک کم ہوا، حکومت نے نان فائلر کو گاڑی خریدنے کی اجازت دیکر اچھا قدم اٹھایا ہے۔ شادی گھروں پر ٹیکس میں کمی اور نیوز پرنٹ پر ڈیوٹی کا خاتمہ اچھے اقدامات ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز میں نئی انڈسٹری کو ٹیکسوں سے چھوٹ دینا خوش آئند مگر یہی چھوٹ صنعتی وسعت سازی پر بھی دی جائے۔ متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے لیے آلات کی مینوفیکچرنگ کو ٹیکس چھوٹ دینے سے روایتی ذرائع پر انحصار کم ہوگا۔ سٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے انویسٹر کو فائدہ ہوگا، موبائل فون پر ڈیوٹی نہ بڑھانا اچھا قدم جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کے تاجر سکھ کا سانس لیں گے۔ تاجر برادری برادری مارک اپ ریٹ میں کمی کی توقع کررہی تھی۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد علی میاں اور آل پاکستان انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ )کے صدر اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت نے چھوٹے تاجروں کو نظر انداز کیا ہے اور ساری مراعات کاصنعتی شعبے اور بڑے کاروبار کو دی ہیں۔ انجمن تاجران آل پاکستان( خالد پرویز گروپ)کے صدر خالد پرویز نے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف جدوجہد رنگ لے آئی۔ حکومت نے منی بجٹ میں 0.6 فیصد اور ود ہولڈنگ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ تاجر برادری نے فائلر پر ود ہولڈ ٹیکس ختم کرنے کے اعلان کو سراہا ہے۔ خالد پرویز ودہولڈنگ کو تاجربرادری کا لاقانون سمجھتی تھی۔ فائلر پر ودہولڈنگ کا خاتمہ خوش آئند ہے۔تاہم تاجروں کی جانب سے نان فائلر پر ود ہولڈنگ کی شرح کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔لاہور چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری کی جیولرز کی کمیٹی کے عہدیدار عرفان شمسی نے کہا کہ مالیاتی ترمیمی بل 2019 میں حکومت نے ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے اچھے اقدام کئے ہیں امید ہے کہ ملک کی اقتصادی حالت بہتر ہو گی ۔
تاجر