• news

ہائیکورٹ: علیم خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج


لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کو نااہل قرار دینے کےلئے دائر درخواست نا قابل سماعت ہونے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ علیم خان کیخلاف ان کے مخالف امیدوار نے نااہلی کیلئے رجوع کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اقبال چودھری نے مسلم لیگ( ن) کے احسن شرافت کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ جس میں سینئر وزیر علیم خان کی صوبائی حلقہ پی پی 158 سے کامیابی کو چیلنج کیا گیا۔ علیم خان کے وکیل محمداظہر صدیق نے درخواست میں اٹھائے گئے تمام اعتراضات کو بے بنیاد قرار دیا اور بتایا کہ قانون کے مطابق تمام معلومات کاغذات نامزدگی میں ظاہر کی گئی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ علیم خان نے الیکشن لڑتے وقت گوشوارے چھپائے۔ سنیئر صوبائی وزیر اولڈ ایج بینیفٹ کے 93لاکھ کے نادہندہ ہیں اور علیم خان کے خلاف ایف آئی اے اور نیب میں انکوائریاں زیر سماعت ہیں۔ یہ بھی الزام لگایا کہ علیم خان نے سات سے آٹھ سو ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضہ کیا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ علیم خان کو اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دیا جائے اور کامیابی کے نوٹیفکیشن کوکالعدم قرار دینے کی ہدایت کی جائے۔ جبکہ علیم خان کے وکیل نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی تھی۔فاضل عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔
درخواست خارج

ای پیپر-دی نیشن