قانون کی بالادستی عمران خان کی حکومت کا پہلے دن سے وعدہ ہے: فیاض چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے ہم غم اور سوگ اس کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں ہم خلیل کے بچوں سے یہ عہد کرتے ہیں کہ سانحے کے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ پی ٹی آئی انصاف کی علمبردار جماعت ہے ہم سابق حکومت کی طرح جے آئی ٹی رپورٹ کو صرف دفتری ریکارڈ کی زینت نہیں بنائیں گے بلکہ نامزد ملزموں کو ایسی سزا دیں گے جس کے بعد کوئی پولیس اہلکار وردی کی آڑ لیکر کسی کی جان مال اور آبرو سے نہ کھیل سکے لہذا جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ کے تناظر میں فیصلے کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے ایک بیان میں کیا ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان بزدار نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور 72 گھنٹے کے اندر اندر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے اعلان پر عملدرآمد کرکے دکھایا ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ نئے پاکستان میں قانون سے تجاوز کرنے والوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں حکومت پنجاب انصاف کے وعدے کے ساتھ کھڑی ہے قانون کی بالادستی عمران خان کی حکومت کا پہلے دن سے وعدہ ہے عوام اور میڈیا کی اس بات کی تسلی رکھنے کہ اس سانحے کو ہم ماڈل ٹاﺅن کیس اور نقیب اللہ محسود کے کیس کی طرح طویل نہیں کریں گے اور نہ اس پر مٹی ڈالیں گے انشاءاللہ جن اہلکاروں نے ظلم اور بربریت کی مثال قائم کی ان کو قانونی تقاضے پورے کرکے نشان عبرت بنا دیں گے۔
فیاض چوہان