• news

ایان علی کو 15فروری کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم، عدم حاضری پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہو گی: عدالت

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) کسٹم کی خصوصی عدالت نے ایان علی کی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثنیٰ، معافی اور مقدمہ ختم کرنے کی درخواستیں مسترد کر تے ہوئے ان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ بادی النظر میں کرنسی سمگلنگ میں ملوث ہے اور ملزمہ کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی۔ بدھ کو کسٹم عدالت میں ماڈل ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جج ارشد بھٹہ نے کی۔ عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی، مستقل حاضری سے استثنیٰ، معافی اور مقدمہ ختم کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایان علی کو آئندہ تاریخ پرپیش کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ گواہوں کو نوٹس جاری کرکے آئندہ تاریخ پرطلب کرلیا گیا۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا کرنسی کی ضبطی کلکٹریٹ کسٹم کی سول قانونی کارروائی ہے، ملزمہ دبئی سے علاج کے لئے عمان جاتی ہے پاکستان کیوں نہیں آسکتی۔ عدالت نے ملزمہ کا عدالت طلبی کا اشتہار بھی جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایان علی کو گرفتار کر کے15 فروری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضمانتیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں بھی عدالت طلب کرلیا جبکہ ایان علی کے 5،5لاکھ کے دونوں ضما نتی مچلکے ضبط کرنے کے لئے ضامن طلب کرلیا۔
ایان علی

ای پیپر-دی نیشن